Benefits of early wake up صبخ جلدی جاگنے کے فوائد

صبخ جلدی جاگنے کے فوائدد
اگر آپ اپنے معمول کے وقت سے صرف ایک گھنٹہ پہلے جاگنے کی عادت ڈال لیں تو صحت، ملازمت اور روزمرہ زندگی میں غیرمعمولی فائدے حاصل کرسکتے ہیں جب کہ اس کے اور بھی بے شمار فوائد ہیں۔

ورزش کے لیے مناسب وقت
صبح سویرے ہلکی ورزش سے پورے دن آپ کا موڈ خوشگوار رہتا ہے، کارکردگی بہتر رہتی ہے، موٹاپا کنٹرول میں رہتا ہے اور مجموعی طور پر صحت بھی اچھی رہتی ہے۔ اگر ممکن ہو تو صبح سویرے ورزش کریں، صبح سویرے اٹھ کر صرف 20 منٹ کے لیے تیزقدموں سے چہل قدمی کریں۔ یہ معمول اختیار کرنے کے بعد آپ اپنی صحت اور کارکردگی میں نمایاں فرق محسوس کریں گے۔

بہتر ناشتہ
جو لوگ دیر سے اٹھتے ہیں وہ کام پر نکلتے وقت نہ صرف جلدبازی میں ناشتہ کرتے ہیں بلکہ ایسی چیزیں کھاتے ہیں جو فاسٹ فوڈ کی طرح فوری تیار تو ہوجاتی ہیں لیکن صحت کے لیئے مفید نہیں ہوتیں۔ ایک تحقیق سے پتا چلا ہے کہ جو لوگ صبح دیر سے اٹھتے ہیں وہ ناشتے میں دوسروں سے تقریباً 250 کیلوریز زیادہ استعمال کرتے ہیں اور وہ بھی ایسی غذاؤں کی صورت میں جو نقصان دہ ہوتی ہیں۔ علاوہ ازیں رات کو دیر تک جاگتے رہنے والوں کا وزن بھی معمول سے زیادہ ہی رہتا ہے۔ ایک گھنٹہ پہلے اٹھنے کی صورت میں آپ کو ناشتے کے لیے زیادہ وقت ملے گا اور آپ ضروری غذائی اجزاء سے بھرپور ناشتہ سکون سے بھی کرسکیں گے۔ اس سے آپ کی صحت اچھی ہوگی۔
Smadent
خوش مزاجی
دیر سے اٹھ کر افراتفری کے عالم میں کام پر جانے والوں کے مزاج میں بھی چڑچڑا پن آجاتا ہے جو نہ صرف کام کے دوران بلکہ گھر واپس آنے پر بھی برقرار رہتا ہے۔ یعنی اٹھنے میں دیر کرنے سے کاروبار اور ملازمت پر برا اثر پڑنے کے ساتھ ساتھ گھریلو زندگی بھی بہت متاثر ہوتی ہے۔ یہ بات دلچسپی سے پڑھی جائے گی کہ جو لوگ صبح سورج نکلنے سے پہلے بیدار ہوجاتے ہیں، وہ اپنی قدرتی ’’جسمانی گھڑی‘‘ (باڈی کلاک) کی سورج سے بہتر ہم آہنگی کے باعث خود کو جسمانی اور ذہنی طور پر زیادہ صحت مند محسوس کرتے ہیں۔ یعنی اگر آپ صبح جلدی بیدار ہونے کی عادت ڈال لیتے ہیں تو یہ آپ کے مزاج کے لیے بھی بہت مفید ہوگی۔ چڑچڑے پن کی جگہ خوش مزاجی آپ کی عادت بن جائے گی جو دفتر، گھر اور حلقہ احباب میں آپ کو مقبول بنانے کا باعث بنے گی۔

اعصابی سکون کا حصول
نفسیاتی مطالعات سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ دیر سے جاگنے والے لوگوں کے دماغ میں ہر وقت اُلٹے سیدھے قسم کے خیالات گردش کرتے رہتے ہیں جن کی وجہ سے وہ اعصابی تناؤ کا شکار بھی رہتے ہیں۔ اگر یہ کیفیت زیادہ عرصے تک جاری رہے تو دل کے دورے اور کئی دوسرے مسائل کی وجہ بھی بن سکتی ہے۔ تاہم اپنے سابقہ وقت سے صرف ایک گھنٹہ پہلے اٹھنے کی صورت میں اعصابی تناؤ کی یہ کیفیت بڑی حد تک کم کی جاسکتی ہے اور وہ بھی کسی دوا کے بغیر۔ اگر آپ صبح جلدی اٹھنے کی عادت ڈال لیتے ہیں تو اس سے آپ کے اعصاب بھی پرسکون رہیں گے اور آپ ایسے بہت سے خطرات سے محفوظ رہیں گے جو ہیجان زدہ اعصاب کے باعث آپ کو گھیر سکتے ہیں۔

زیادہ خوبصورتی
دیر سے جاگنے کی صورت میں آپ کو کام پر نکلنے سے پہلے ڈھنگ سے تیار ہونے کا موقعہ بھی نہیں مل پاتا۔ نتیجہ یہ ہے کہ آپ عام طور پر ’’سر جھاڑ منہ پہاڑ‘‘ کی تصویر بنے ہوئے کام پر پہنچتے ہیں۔ اس کے برعکس صرف ایک گھنٹہ جلدی جاگنے کی صورت میں آپ کو اپنا حلیہ درست کرنے اور کپڑے استری کرنے کے لیے مناسب وقت مل جاتا ہے۔ 2013 میں کیے گئے سروے سے معلوم ہوا کہ صاف ستھرے کپڑوں اور اچھے حلیے والے 80 فیصد لوگ ملازمت کے انٹرویو میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔ اسی طرح دورانِ ملازمت ترقی میں بھی اس چیز کو اہمیت دی جاتی ہے۔

بہتر کارکردگی
جلدی جاگنے کے بعد جب آپ جلدی دفتر پہنچتے ہیں تو عام طور پر وہاں لوگ کم ہوتے ہیں اور ماحول بھی نسبتاً پُرسکون ہوتا ہے۔ کم شور شرابے اور کم تر دخل اندازی والے اس ماحول میں آپ کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے کیونکہ آپ اپنے کام پر زیادہ توجہ دے سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں آپ کے ساتھ کام کرنے والے لوگ بھی آپ کو مصروف دیکھ کر محتاط ہوجاتے ہیں۔ اس کے برخلاف وہ لوگ جو دیر سے کام پر پہنچتے ہیں انہیں عام طور پر سب سے پہلے باس کی باتیں سننا پڑتی ہیں اور پھر وہ اچھا خاصا وقت اپنے رفقائے کار سے ادھر اُدھر کی باتیں کرنے میں ضائع کردیتے ہیں۔ ان تمام باتوں کا نتیجہ خراب کارکردگی کی شکل میں ظاہر ہوتا ہے۔ صبح جلدی اٹھنے کے بعد جلدی کام پر پہنچ کر آپ ان تمام منفی اثرات سے محفوظ رہ سکتے ہیں جو آپ کی کارکرگی خراب کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں وقت پر کام مکمل کرنے کے بعد آپ جلدی گھر واپس پہنچ سکتے ہیں اور یوں اپنی گھریلو زندگی کو بھی زیادہ خوشگوار بناسکتے ہیں۔

ہجوم سے چھٹکارا
یہ عام مشاہدے کی بات ہے کہ جو لوگ دیر سے کام پر نکلتے ہیں انہیں اکثر راستے میں ٹریفک جام کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ ٹریفک کا شور شرابا آپ کو اعصابی تناؤ اور ہائی بلڈ پریشر میں مبتلا کرسکتا ہے جب کہ گاڑیوں کا دھواں آپ کی صحت خراب کرسکتا ہے۔ اس طرح جب آپ دفتر پہنچتے ہیں تو کام شروع کرنے سے پہلے ہی خود کو تھکا ہوا محسوس کرتے ہیں۔ لیکن اگر آپ گھر سے جلدی نکلتے ہیں تو سڑک پر ٹریفک قدرے کم اور زیادہ رواں ہوتا ہے اور یوں آپ نہ صرف کم وقت میں اپنے کام پر پہنچ جاتے ہیں بلکہ سفر کی تھکن بھی کم ہوتی ہے۔ یعنی جسم اور دماغ دونوں ہی کی صحت پر صبح جلدی اٹھنے کے باعث
خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں


Comments

Post a Comment